اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف آج سے چار ستمبر تک کے لیے چین کے سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔
بیجنگ میں وزیراعظم کی ملاقات چینی صدر اور وزیراعظم سے بھی طے ہے جس میں پاک چین تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال ہوگا، جبکہ وہ عالمی رہنماؤں کے ساتھ فوجی پریڈ میں بھی شریک ہوں گے۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور مشیر طارق فاطمی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” پر شہباز شریف نے کہا کہ اس تاریخی دورے کے دوران وہ ایس سی او سمٹ میں شرکت کے ساتھ ساتھ خطے کے دیگر ممالک سے تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بھی بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی تعاون اور کثیر الجہتی تعلقات کو مضبوط بنا کر امن اور خوشحالی کے مشترکہ مقاصد حاصل کیے جائیں گے۔