بھارت نے ستلج میں پانی چھوڑ دیا، پنجاب اور دیگر اضلاع میں سیلابی صورتحال سنگین

اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)بھارت نے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا ہے اور پاکستان کو انڈس واٹر کمیشن کے بجائے غیر روایتی طریقے سے اونچے درجے کے سیلاب کے بارے میں اطلاع دی۔ اس کے نتیجے میں پنجاب کے 9 اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ دریائے راوی، ستلج اور چناب میں 5 ستمبر تک شدید سیلابی خطرے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

پنجاب میں اب تک سیلاب سے 24 لاکھ افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 9 لاکھ بے گھر ہو گئے ہیں۔ مختلف حادثات میں 41 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، ہزاروں بستیاں زیر آب آ چکی ہیں، کھڑی فصلیں تباہ اور مال مویشی کا بھی بھاری نقصان ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں،

پاک فوج کا سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و ریلیف آپریشن جاری،سندھ حکومت الرٹ

ملتان میں دریائے چناب پر ہیڈ محمد والا کے مقام پر چار لاکھ پچاس ہزار کیوسک کے بڑے سیلابی ریلے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے شگاف ڈالنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے باعث جھوک وینس سے ہیڈ محمد والا تک سینکڑوں دیہات ڈوب گئے اور لوگ محفوظ مقامات پر منتقل کیے جا رہے ہیں۔ بند بوسن کے قریب صورتحال مزید خطرناک ہو گئی ہے اور کئی نشیبی علاقے پانی میں گھر گئے ہیں۔

دریائے ستلج میں فیروزپور اور ہری کے مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب جاری ہے جس سے قصور، اوکاڑہ، بہاولنگر، پاکپتن، وہاڑی، لودھراں، بہاولپور، ملتان اور مظفر گڑھ بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ ہیڈ تریموں پر بہاؤ پانچ لاکھ سولہ ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے اور مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

فیصل آباد، لاہور اور ملتان جانے والی مین جی ٹی روڈ ٹوٹ جانے سے ٹریفک مکمل طور پر بند ہو گئی ہے۔ ضلع چنیوٹ کے 141 دیہات متاثر ہوئے جبکہ جھنگ میں تقریباً 200 دیہات زیر آب ہیں اور 2 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

سندھ میں بھی سکھر، کوٹری اور گڈو بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب جاری ہے۔ کچے کے مکینوں کو بار بار محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی جا رہی ہے مگر لوگ اپنے گھروں کو چھوڑنے پر تیار نہیں۔

سیلاب سے صحت کے خطرات بھی بڑھ گئے ہیں۔ قومی انسداد پولیو پروگرام نے خبردار کیا ہے کہ متاثرہ اضلاع میں پولیو اور دیگر وبائی امراض کے پھیلاؤ کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

ادھر آج رات ملتان سے دریائے چناب کا بڑا ریلا گزرنے کا امکان ہے۔ شہر کو بچانے کے لیے ہیڈ محمد والا روڈ پر ڈائنامائٹ نصب کر کے ہنگامی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں