24
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ابوجا: شمالی نائجیریا کی ریاست نائیجر میں ایک کشتی الٹنے سے کم از کم 60 افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق کشتی نائجر ریاست کے ضلع ملالے کے قصبے ٹنگن سولے سے منگل کی صبح ڈوگا جا رہی تھی کہ شمالی وسطی علاقے کے قریب دریا میں درخت کے تنے سے ٹکرا گئی اور الٹ گئی۔
مقامی حکام کے مطابق کشتی میں 100 سے زائد مسافر سوار تھے۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد کم از کم 60 ہو گئی ہے جب کہ کچھ لوگوں کو زندہ بچا لیا گیا ہے جب کہ متعدد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ نائیجیریا میں برسات کے موسم میں کشتیوں کے حادثات عام ہیں۔افریقہ کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں، یہ حادثات عموماً جہاز پر زیادہ وزن اور کشتیوں کی خراب حالت کی وجہ سے ہوتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ان میں سے زیادہ تر کشتیاں لائف جیکٹس کے بغیر چلتی ہیں۔