اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے پی ٹی آئی میں سینیٹ انتخابات کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم پر ہونے والی تنقید کو سختی سے مسترد کر دیا۔ پشاور میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ ٹکٹوں میں ان کا کوئی کردار نہیں تھا، مگر انہیں غیر ضروری طور پر نشانہ بنایا گیا۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ وہ صرف چیئرمین عمران خان کے حکم پر عمل کرتے ہیں کیونکہ یہ پارٹی ان ہی کی امانت ہے۔ تاہم، جان بوجھ کر انہیں خان سے ملاقات نہیں کرنے دی جا رہی، جس کے باعث پارٹی کمزور اور تقسیم کا شکار ہو رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ خان سے ملاقات روکنے والے عناصر دراصل پارٹی کے خیرخواہ نہیں بلکہ دشمن ہیں، اور بدقسمتی سے وہ اپنے مقصد میں کامیاب بھی ہو رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق، جب عمران خان کی جانب سے سینیٹ امیدواروں کے نام آئے تو بعض لوگوں نے ان پر شک کیا اور کہا کہ یہ جھوٹ ہے۔ مگر بعد میں عمران خان نے خود اس کی تصدیق کر دی۔ اس کے باوجود کسی نے معافی مانگنے کی اخلاقی جرات نہ دکھائی۔
علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ ان سے خان کی آخری ملاقات 2 اپریل کو ہوئی تھی، اور اس کے بعد سے انہیں ملنے سے روکا جا رہا ہے، جس سے پارٹی کو شدید نقصان ہو رہا ہے۔