اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)پنجاب میں پہلی مرتبہ سیلاب سے متاثرہ آبادی کے علاج معالجے کے لیے کشتیوں پر قائم موبائل اسپتالوں کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ یہ اقدام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کیا گیا، تاکہ پانی میں گھرے علاقوں میں فوری طبی امداد پہنچائی جا سکے۔
پنجاب ہیلتھ ٹیم سیلاب زدہ اضلاع میں متحرک ہے اور متاثرہ خواتین و بچوں کو علاج کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے فلڈ ریلیف کیمپوں میں خاص طور پر بچوں اور خواتین کے علاج کو یقینی بنانے کی ہدایات دی ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں 968 موبائل کلینکس اور میڈیکل کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں۔ ان مراکز میں حاملہ خواتین کے چیک اپ کے لیے ڈاکٹرز اور عملہ موجود ہے جبکہ انہیں ملٹی وٹامنز، طبی سامان اور سینٹری کٹس بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ ایمرجنسی کی صورت میں رورل ایمبولینس سروس بھی دستیاب ہے جو مریضوں کو بروقت اسپتال منتقل کرتی ہے۔
بچوں کی صحت کے لیے ہر روز ماہر ڈاکٹرز کیمپس کا دورہ کرتے ہیں، جب کہ نومولود بچوں کی ویکسینیشن کا بھی خصوصی بندوبست کیا گیا ہے۔
ریلیف کیمپوں میں کیڑوں کے کاٹنے، جلدی بیماریوں، ہیضہ، پیٹ کی خرابی اور ملیریا کے علاج کے لیے دوائیں اور سہولیات موجود ہیں۔ اس کے علاوہ غذائی قلت کا شکار بچوں کی اسکریننگ اور علاج کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔