اردو ورلڈ کینیڈا ( بیور و رپورٹ )کینیڈا امریکا تجارتی امور کے وزیر ڈومینک لی بلان نے کہا ہے کہ انہوں نے اونٹاریو کے وزیرِ اعلیٰ ڈگ فورڈ کی وہ نیوز کانفرنس ’’خوب انجوائے‘‘ کی جس میں فورڈ نے کراؤن رائل وِسکی کی بوتل انڈیل کر کمپنی کے فیصلے کے خلاف علامتی احتجاج کیا۔
’’میں وزیر اعلیٰ فورڈ کو یہ نہیں بتا سکتا کہ اونٹاریو کی سیاست کیسے کرنی ہے، وہ تین مرتبہ اکثریتی حکومت جیت چکے ہیں، یقیناً انہیں سیاست کا طریقہ آتا ہے۔ میرے ان سے تعلقات خوشگوار اور ذاتی نوعیت کے ہیں اور میں نے ان کی نیوز کانفرنس بڑے شوق سے دیکھی۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ فورڈ اپنے صوبے کے محنت کشوں کے حق میں مؤثر انداز میں آواز بلند کر رہے ہیں۔ ’’میں نے ان کی نیوز کانفرنس دیکھی، وہ اونٹاریو کے کارکنوں کے لیے پُراثر اور مدلل انداز میں کھڑے ہیں۔‘‘
ہنستے ہوئے لی بلان نے اس لمحے کا ذکر بھی کیا جب وِسکی کا کچھ حصہ فورڈ کے جوتوں پر گرا۔ ’’کیا یہ وائرل ہو گیا؟ میں نے دیکھا وہ جوتوں پر بھی گرا۔‘‘ڈگ فورڈ نے کراؤن رائل وِسکی کی بوتل میڈیا کے سامنے انڈیل کر ڈایاژیو (Diageo) کمپنی کے امہرسٹبرگ (Amherstburg) بوتلنگ پلانٹ بند کرنے کے فیصلے کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔ ڈایاژیو نے اعلان کیا تھا کہ امریکی مارکیٹ کے لیے بوتلنگ کا عمل امریکا منتقل کیا جائے گا جبکہ کینیڈین صارفین کے لیے بوتلنگ اب کیوبک کے ویلی فیلڈ (Valleyfield) میں ہوگی۔
ڈایاژیو نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ ’’سپلائی چین کی کارکردگی اور لچک‘‘ بہتر بنانے کے لیے ضروری تھا۔ پلانٹ کی بندش فروری 2026 میں ہو گی، جس سے لگ بھگ 200 ملازمین متاثر ہوں گے۔ کمپنی نے کہا کہ وہ مقامی کمیونٹی سے رابطے اور ملازمین کی معاونت کے لیے یونین ’’یونی فور‘‘ کے ساتھ مل کر اقدامات کرے گی۔ ہیڈکوارٹر، گودام اور ڈسٹلنگ کی سہولیات کینیڈا میں برقرار رہیں گی، جبکہ کراؤن رائل کی مَیشنگ، ڈسٹلنگ اور ایجنگ بدستور کینیڈا ہی میں ہو گی۔ فورڈ کے اس اقدام کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی اور کئی حلقوں نے اسے اونٹاریو کے محنت کش طبقے کے لیے ’’جرأت مندانہ پیغام‘‘ قرار دیا، تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ حکومت کو محض علامتی اقدامات کے بجائے عملی پالیسی سازی پر توجہ دینی چاہیے۔تجزیہ کاروں کے مطابق یہ معاملہ نہ صرف صوبائی سیاست میں بلکہ کینیڈا امریکا تجارتی تعلقات میں بھی زیر بحث رہے گا۔