اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)کینیڈا کے محکمہ دفاع (DND) کے مطابق لٹویا میں تعینات ایک کینیڈین مسلح افواج کا اہلکار، جو منگل سے لاپتہ تھا، مردہ حالت میں پایا گیا ہے۔
افسران کا کہنا ہے کہ وارنٹ آفیسر جارج ہوہل ایڈمنٹن میں تعینات ایک وہیکل ٹیکنیشن تھے اور انہیں "آپریشن ری ایشورنس” کے تحت نیٹو کی ملٹی نیشنل بریگیڈ میں ایوی ایشن بٹالین کے ساتھ لٹویا بھیجا گیا تھا۔
انہیں آخری بار 2 ستمبر کو شہر آدازی (Ādaži) میں دیکھا گیا تھا جبکہ ان کی لاش 5 ستمبر کو برآمد ہوئی، محکمہ دفاع نے اپنے بیان میں تصدیق کی۔
بیان میں مزید کہا گیاوارنٹ آفیسر ہوہل کی موت کے حالات کی تحقیقات جاری ہیں، کینیڈین ملٹری پولیس اس سلسلے میں لٹوین حکام کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔
محکمہ دفاع نے یہ بھی واضح کیا کہ فی الحال ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ یہ واقعہ ہمارے تعینات اہلکاروں کی حفاظت یا سلامتی کے لیے کسی اضافی خطرے کا باعث ہو۔
وارنٹ آفیسر ہوہل تقریباً 20 سال سے کینیڈین مسلح افواج میں خدمات انجام دے رہے تھے اور انہیں کئی بار مختلف مشنز پر تعینات کیا جا چکا تھا۔