کیلگری میں کلائمٹ ایمرجنسی ختم کرنے کی قرارداد پیش،اگلے ہفتے کونسل میں بحث ہوگی

اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)کیلگری کی میئر جیوتی گوندک کے دورِ حکومت میں سب سے پہلے جس پالیسی کا اعلان کیا گیا تھا، ان میں سے ایک کلائمٹ ایمرجنسی (ماحولیاتی ہنگامی حالت) کا اعلان تھا۔ چار سال بعد آج وہ اس فیصلے کا دفاع کر رہی ہیں،کیونکہ پیر کے روز ایک نئی قرارداد پیش کی گئی ہے جس کا مقصد اس اعلان کو ختم کرنا ہے۔

یہ قرارداد وارڈ 1 کی کونسلر سونیا شارپ، وارڈ 7 کے کونسلر ٹیری وونگ، وارڈ 13 کے کونسلر ڈین میک لین اور وارڈ 10 کے کونسلر آندرے شابو نے پیش کی۔ ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں اس قرارداد کا تکنیکی جائزہ منظور کر لیا گیا ہے اور اب یہ اگلے ہفتے سٹی کونسل میں بحث کے لیے پیش ہوگی۔

کونسلر سونیا شارپ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہاکلائمٹ ایمرجنسی کا اعلان محض ایک سیاسی چال تھی اور اب میں اس حقیقت کو بے نقاب کر رہی ہوں۔

یہ خبر بھی پڑھیں :متحدہ عرب امارات کا 30 بلین ڈالر کا کلائمیٹ فنڈ قائم کرنے کا اعلان

اس قرارداد میں صرف کلائمٹ ایمرجنسی کے اعلان کو ختم کرنے کا مطالبہ ہی نہیں کیا گیا بلکہ انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ شہر کے تمام ماحولیات سے متعلق اخراجات کا تفصیلی مالی آڈٹ کرے۔ اس میں وہ فنڈز بھی شامل ہوں گے جو ایمرجنسی کے اعلان کے بعد استعمال کیے گئے۔

کونسلرز نے نشاندہی کی کہ 2025 میں شہر کے ماحولیات اور کلائمٹ ڈیپارٹمنٹ کا بجٹ 26 ملین ڈالر ہے، اس کے علاوہ 22 ملین ڈالر ایک بار کے لیے آپریٹنگ پروگرامز پر اور 22.7 ملین ڈالر سرمایہ جاتی اخراجات پر رکھے گئے ہیں۔ مزید یہ کہ اگلے سال مختلف محکموں میں کلائمٹ سے متعلق اخراجات کی مجموعی رقم 214.6 ملین ڈالر تک پہنچے گی۔

ایک ترجمان نے ان اعداد و شمار کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان میں سے 165 ملین ڈالر الیکٹرک بس فلیٹ کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

کونسلر وونگ نے کہا سوال یہ ہے کہ یہ اخراجات کتنے مؤثر ہیں؟ کیا یہ واقعی فرق ڈال رہے ہیں؟ کیا کچھ اقدامات ختم کیے جانے چاہئیں؟ یہی ہم جاننا چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ نومبر 2021 میں کلگری سٹی کونسل نے کلائمٹ ایمرجنسی کا اعلان منظور کیا تھا، جس میں 2050 تک نیٹ زیرو اخراج کا ہدف مقرر کیا گیا تھا اور تمام محکموں کو اخراجات کم کرنے کی ہدایات دی گئی تھیں۔

میئر گوندک نے اس اعلان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اس سے شہر کے ماحولیات کے محکمے کو مضبوط بنایا گیا اور سرمایہ کار کمپنیوں اور فلم پروڈکشنز کو یہ پیغام دیا گیا کہ کلگری ماحولیاتی ذمہ داری کو سنجیدگی سے لیتا ہے۔ انہوں نے شہر میں جنگلاتی آگ کے دھوئیں اور حالیہ ژالہ باری کو موسمیاتی تبدیلی کی واضح مثالیں قرار دیا۔

"آپ کو بس موسم کی صورتحال دیکھنے کی ضرورت ہے، ہمارے شہر اور دنیا بھر میں جو تباہی ہو رہی ہے وہ سب کے سامنے ہے گوندک نے کہا۔کلائمٹ ایمرجنسی کے اعلان کو ماحولیاتی تنظیموں کی جانب سے سراہا گیا تھا، جو اب اسے ختم کرنے کی تجویز پر تنقید کر رہی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس قرارداد کے چار میں سے تین مصنفین نے 2021 میں ایمرجنسی کے اعلان کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

کونسلر شابو نے وضاحت دی کہ اس وقت توقع تھی کہ ہمیں وفاقی فنڈز ملیں گے، جو اب تک نہیں ملے۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ اب یہ توقع بے معنی ہے کیونکہ بل 18 کے تحت البرٹا کی بلدیات براہِ راست وفاقی حکومت سے فنڈنگ حاصل نہیں کر سکتیں۔

کونسلر شارپ نے بھی کہا کہ انہیں اب اس اعلان کے حق میں ووٹ دینے پر افسوس ہے، کیونکہ انہیں "ایمرجنسی” کے لفظ پر اعتراض تھا۔
ہم نے اسے آگے بڑھا دیا، لیکن مجھے اس پر ووٹ نہیں دینا چاہیے تھا۔ غلطیوں کو مان لینا چاہیے،” انہوں نے کہا۔

میئر گوندک نے ان کونسلرز پر الزام لگایا کہ وہ محض سیاست کر رہے ہیں کیونکہ وہ سب آئندہ انتخابات میں "کمیونٹیز فرسٹ” پارٹی کے پلیٹ فارم سے دوبارہ الیکشن لڑ رہے ہیں، اور سونیا شارپ میئر کے امیدوار کے طور پر سامنے آئی ہیں۔

جو چیز مقبول ہو اور خبروں میں سرخی بن سکے، وہی کچھ لوگ کرنے کی کوشش کرتے ہیں  گو نڈیک نے کہا۔شارپ نے اس الزام کو مسترد کر دیا۔

یہ قرارداد اب اگلے ہفتے کونسل کے اجلاس میں زیرِ بحث آئے گی، اور اگر یہ منظور ہو گئی تو بجٹ کی تیاری کے دوران نومبر میں اس آڈٹ کے نتائج عوام کے سامنے رکھے جائیں گے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔