اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکا نے قطر کو اسرائیلی حملے کی پیشگی اطلاع دی۔
وائٹ ہاؤس انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ قطر کو حماس کے مذاکرات کاروں پر اسرائیلی حملے کے بارے میں پیشگی اطلاع دی گئی تھی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین نے کہا کہ امریکی فوج نے سب سے پہلے صدر ٹرمپ کو حملے کے بارے میں بروقت آگاہ کیا۔جس کے بعد صدر ٹرمپ کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹ کوف نے قطری حکام کو حملے کی پیشگی اطلاع دی۔وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے کہا کہ قطر جیسے اتحادی ملک پر بمباری کرنا امریکہ اور اسرائیل دونوں کے اہداف کے خلاف ہے لیکن حماس کو ختم کرنا قابل تعریف مقصد ہے۔دوسری جانب قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے وائٹ ہاؤس کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکی اہلکار کی کال دھماکوں کے دوران موصول ہوئی تھی، اس سے پہلے نہیں۔قبل ازیں قطر نے اسرائیلی حملے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اس کی خودمختاری پر حملہ ہے۔