12
فرانس میں تقریباً 200,000 افراد نے بجٹ میں کٹوتیوں کے خلاف احتجاج کیا اور صدر میکرون سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔
فرانس کے مختلف شہروں میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور مختلف جگہوں پر کچرے کے ڈبوں اور دیگر اشیاء کو آگ لگا دی۔ مظاہرین نے مغربی شہر رینس میں ایک بس کو آگ لگا دی اور پیرس میں ایک عمارت کا حصہ بھی جلا دیا۔مظاہرین نے مختلف مقامات پر اہم سڑکوں اور شاہراہوں کو بلاک کر دیا اور بجلی کی تاروں میں آگ لگنے کے بعد جنوب مغربی علاقے میں ٹرین سروس معطل کر دی گئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپنی پالیسی بدلنی چاہیے، چہرہ نہیں۔
اس دوران پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج، آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔ فرانسیسی وزارت داخلہ نے کہا کہ ملک بھر سے 500 کے قریب افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ 2 روز قبل فرانسوا بائرو پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔
رپورٹس کے مطابق ملک کے جاری مالی بحران کو حل کرنے میں ناکامی، عوامی تعطیلات کے خاتمے اور فلاحی اخراجات میں کمی کی وجہ سے دسمبر 2024 میں اقتدار سنبھالنے والے وزیر اعظم بایرو پر عدم اعتماد کا ووٹ دیا گیا۔تاہم گزشتہ روز فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اپنے قریبی اتحادی اور ملک کے وزیر دفاع سیبسٹین لاکورنیو کو نیا وزیراعظم نامزد کرنے کا اعلان کیا۔