اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز) نو اور دس ستمبر کو خیبر پختونخوا میں تین مختلف آپریشنز کے دوران پاک فوج نے بھارتی سرپرستی یافتہ فتنۃ الخوارج کے ۱۹ دہشت گرد ہلاک کر دیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز نے مہمند ضلع کے علاقے گُلونُو میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ۱۴ خوارج ہلاک ہوئے۔
اسی طرح شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں ایک اور آپریشن میں مزید ۴ دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ تیسرا مقابلہ ضلع بنوں میں ہوا، جہاں ایک اور خوارج کو ہلاک کیا گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد ان علاقوں میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔ پاک فوج نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری رکھا ہوا ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے خوارج کو ختم کیا جا سکے۔
ترجمان نے کہا کہ پاک فوج ملک سے بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔