12
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) وزیرِاعظم شہباز شریف نے وزارتِ خزانہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے فوری طور پر رابطہ کرے تاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کے بلوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق، وزیرِاعظم نے وزارتِ خزانہ کے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ سیلاب متاثرین کے لیے ایک ماہ کے بجلی کے بلوں میں رعایت یا استثنیٰ کے حوالے سے آئی ایم ایف سے باضابطہ بات چیت کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مقصد یہ ہے کہ مشکل حالات میں گھر بار اور کھیت کھلیان کھونے والے عوام کو فوری سہولت دی جا سکے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ ریلیف ملک کے تمام سیلاب زدہ علاقوں میں فراہم کیا جائے گا، خواہ وہ شہروں میں ہوں یا دیہی علاقوں میں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ سیلاب زدہ علاقوں کے کسانوں کے بجلی کے بل معاف کرے۔ دوسری جانب وزیرِاعظم پہلے ہی ملک میں زرعی اور موسمیاتی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کر چکے ہیں تاکہ قدرتی آفات سے نمٹنے اور متاثرین کی فوری بحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔