پنجاب کے متعدد علاقوں میں پانی اترنے لگا، سندھ میں سیلابی دباؤ برقرار

اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)پنجاب کے متعدد سیلاب متاثرہ علاقوں میں پانی اترنے لگا ہے اور لوگ واپس اپنے گھروں کو لوٹ رہے ہیں تاہم کئی مقامات پر اب بھی کئی فٹ پانی کھڑا ہے اور متاثرین حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔

سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن میں سیلاب کے باعث اسکولوں کی چھٹیوں میں تین دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق متاثرہ 41 دیہات کے 22 سرکاری اور تمام نجی اسکول بند رہیں گے تاکہ بحالی کے کام متاثر نہ ہوں۔

احمد پور شرقیہ اور اوچ شریف میں اب بھی 6 سے 8 فٹ تک پانی موجود ہے جس سے مقامی آبادی مشکلات کا شکار ہے۔ مکھن بیلہ، بکھری سرور آباد، چناب رسول پور اور دیگر دیہات میں مچھر بڑھنے سے ملیریا، گیسٹرو اور دیگر بیماریاں پھیلنے لگی ہیں جبکہ کئی دیہات میں میڈیکل کیمپ تک موجود نہیں۔

پاکپتن میں ستلج پر 75 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے جس نے گاؤں سوڈا رحمانی کو مکمل تباہ کر دیا۔ گھروں اور ہزاروں ایکڑ فصلوں کو نقصان پہنچا۔ ضلعی انتظامیہ متاثرین کو راشن فراہم کر رہی ہے۔ بہاولنگر میں بھی 30 سے زیادہ دیہات کے راستے ابھی تک کٹے ہوئے ہیں اور ایک لاکھ 40 ہزار ایکڑ فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔

ہیڈ سلیمانکی پر پانی کی آمد 84 ہزار 449 کیوسک اور اخراج 73 ہزار 42 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ کئی مقامات پر سڑکیں بہہ گئی ہیں جس سے آمدورفت مزید متاثر ہوئی ہے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق وہاڑی میں 9627 افراد اور 779 مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ 25 کشتیاں اور 125 اہلکار مسلسل امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

سندھ میں صورتحال
سکھر بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے لیکن اگلے 24 گھنٹوں میں کمی کا امکان ہے۔ پانی کے ریلے کوٹری بیراج کی طرف بڑھ رہے ہیں جس سے روہڑی میں دریا کنارے قائم ڈی ایس پی آفس زیرِ آب آ گیا۔ نوشہرو فیروز میں کئی زمینداری بند ٹوٹ گئے ہیں اور متعدد دیہات میں پانی داخل ہو چکا ہے۔

گڈو بیراج پر پانی کی سطح میں کمی کے باوجود کچے کے علاقوں میں دباؤ برقرار ہے جس سے فصلوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ لاڑکانہ میں عاقل آگانی لوپ بند پر بھی پانی آ گیا ہے لیکن کئی لوگ نقل مکانی کرنے پر آمادہ نہیں۔ دادو اور کندھ کوٹ کے کچے کے علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں اور 80 سے زائد دیہات متاثر ہوئے ہیں۔ قادرپور گیس فیلڈ سے گیس کی فراہمی بھی معطل ہو گئی ہے۔

سجاول میں لوگ اپنے گھر بار کھو بیٹھے ہیں اور کھلے آسمان تلے بھوک، پیاس اور بیماریوں کے سائے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

دریاؤں اور بیراجوں کی صورتحال
پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول پر آ گیا ہے۔ سندھ، جہلم، راوی اور چناب میں پانی کی سطح نارمل ہے جبکہ ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب موجود ہے۔ سلیمانکی اور اسلام ہیڈ ورکس پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دریائے سندھ میں گڈو بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے لیکن پانی کی سطح میں کمی جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 77 ہزار کیوسک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ تربیلا ڈیم مکمل بھر چکا ہے جبکہ منگلا ڈیم 96 فیصد بھرا ہوا ہے اور مزید 3.4 فٹ گنجائش باقی ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔