37
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سعودی عرب کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والا دفاعی معاہدہ کسی مخصوص واقعے یا حالات کے ردعمل کے طور پر نہیں کیا گیا۔
بلکہ یہ دونوں برادر ممالک کے درمیان طویل المدتی تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔ سعودی عہدیدار نے واضح کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا یہ دفاعی معاہدہ دونوں ملکوں کے مابین دیرپا تعلقات اور مشترکہ سلامتی کے عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے اسے ایک ’’جامع دفاعی معاہدہ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت دونوں ممالک اپنی تمام فوجی صلاحیتوں اور وسائل کے ذریعے ایک دوسرے کا دفاع کریں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان یہ باہمی دفاعی معاہدہ ریاض میں دستخط کیا گیا۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے "اسٹریٹیجک میوچوئل ڈیفنس ایگریمنٹ” (Strategic Mutual Defense Agreement – SMDA) پر دستخط کیے۔
معاہدے کے مطابق، کسی بھی ملک پر حملہ دونوں پر حملہ تصور ہوگا اور اس کے خلاف مشترکہ ردعمل دیا جائے گا۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینے، مشترکہ دفاعی حکمتِ عملی کو مضبوط کرنے اور خطے و دنیا میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔سعودی عہدیدار کے مطابق یہ معاہدہ دونوں ممالک کے مشترکہ مفاد میں ہے اور خطے کے امن، استحکام اور ترقی کے لیے نئے دور کے تعاون کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔