153
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پرتگال نے بھی فلسطین کو باضابطہ طور پر ایک ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزارتِ خارجہ پرتگال کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطین کی ریاست کے طور پر باضابطہ تسلیم کیے جانے کا اعلان 21 ستمبر کو کیا جائے گا۔یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اس ماہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران متعدد ممالک فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے باضابطہ اعلانات کرنے جا رہے ہیں۔
پرتگال کے وزیرِ خارجہ نے رواں ہفتے برطانیہ کے دورے کے دوران عندیہ دیا تھا کہ ان کا ملک فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر غور کر رہا ہے، تاہم اب وزارتِ خارجہ کی جانب سے یہ بات واضح کر دی گئی ہے کہ پرتگال فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرتا ہے۔یاد رہے کہ پرتگال اس معاملے میں پہلا ملک نہیں ہے۔ اس سے قبل فرانس، برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا اور بیلجیم بھی فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ توقع ہے کہ یہ ممالک بھی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپنے باضابطہ فیصلے سامنے لائیں گے۔
ماہرین کے مطابق یورپی اور مغربی ممالک کی جانب سے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کے بڑھتے ہوئے اعلانات عالمی سطح پر ایک بڑی سیاسی پیش رفت ہیں، جس سے نہ صرف فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت کو تقویت ملے گی بلکہ مشرقِ وسطیٰ کے مسئلے پر عالمی دباؤ میں بھی اضافہ ہوگا۔