اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)جلال پور پیروالا کے قریب موٹروے ایم-5 کو سیلاب نے ایک اور جگہ سے نقصان پہنچایا اور مشرقی حصہ بہہ گیا۔ چیف پولیس آفیسر (سی پی او) ملتان نے بتایا کہ اس سے پہلے مغربی حصہ بھی پانی کے ریلے میں بہہ چکا تھا۔
سی پی او کے مطابق، موٹروے پولیس اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کا عملہ بھاری مشینری کے ساتھ موقع پر موجود ہے اور مرمت کا کام جاری ہے۔ کمیٹی تاحال فیصلہ نہیں کر سکی کہ موٹروے پر مزید شگاف ڈالا جائے گا یا نہیں۔
اہلکاروں نے بتایا کہ دریائے ستلج کا پانی تیز بہاؤ کے ساتھ دریائے چناب کی جانب جا رہا ہے اور پانی کی رفتار کم کرنے کے لیے شگاف میں بڑے پتھر ڈالے جا رہے ہیں۔ ملتان سے جھانگڑہ تک موٹروے آٹھویں روز بھی بند ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق ایم-5 پر ٹریفک معطل ہے اور مسافروں کو متبادل راستوں سے سفر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ملتان سے سکھر جانے والے مسافر شاہ شمس انٹرچینج سے قومی شاہراہ اختیار کر سکتے ہیں اور اوچ شریف انٹرچینج سے دوبارہ ایم-5 پر سفر شروع کیا جا سکتا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ سکھر سے آنے والے مسافر اوچ شریف انٹرچینج سے قومی شاہراہ پر آ سکتے ہیں اور شیر شاہ انٹرچینج سے دوبارہ ایم-5 میں شامل ہو سکتے ہیں۔