اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یومِ امن کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ امن کا مطلب صرف جنگ یا تنازعات کی غیر موجودگی نہیں بلکہ یہ انصاف، مساوات اور اقوام کے درمیان باہمی احترام سے ہی قائم ہوتا ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے اس سال کے تھیم کی حمایت کرتے ہوئے عالمی طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ اسرائیل اور بھارت کی جارحانہ کارروائیاں روکنے کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کریں۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بھارت اور اسرائیل کی فوجی کارروائیاں خطے کے ساتھ ساتھ عالمی امن کیلئے بھی شدید خطرہ ہیں۔ ان کے بقول، "غزہ میں اسرائیلی مظالم اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت پوری انسانیت کے ضمیر پر ایک نہ بھولنے والا زخم ہیں۔”
بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق جمہوریت، انسانی حقوق اور امن کیلئے آواز بلند کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "امن خوشحالی کی بنیاد ہے اور اس کے بغیر انصاف کمزور اور جمہوریت ادھوری رہتی ہے۔”
اس موقع پر انہوں نے قیامِ پاکستان کیلئے قربانیاں دینے والے رہنماؤں اور پارٹی کی شہید قیادت کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ "ہمارے بزرگوں نے ایک ایسا ملک بنانے کا خواب دیکھا تھا جو وقار، انصاف اور امن پر مبنی ہو۔”
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انتہاپسندی، غربت اور معاشرتی ناانصافی امن کے بڑے دشمن ہیں، اور پائیدار امن کے لئے سماجی انصاف، محروم طبقات کا بااختیار ہونا اور انسانی حقوق کا تحفظ ضروری ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے عزم ظاہر کیا کہ ان کی جماعت ایک پُرامن، جمہوری اور ترقی پسند پاکستان کے قیام کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی تاکہ ملک دنیا میں امن و استحکام کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کر سکے۔