اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)بھارتی ٹیم نے ایشیا کپ جیتنے کے باوجود ٹرافی لینے سے انکار کر دیا اور تقریب بغیر ٹرافی تقسیم کیے ہی ختم کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق بھارتی بورڈ کی ہدایت پر کھلاڑیوں نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ہاتھوں ٹرافی لینے سے انکار کیا۔
میچ کے بعد دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں انعامی تقریب طویل انتظار کے بعد شروع ہوئی، لیکن بھارتی ٹیم اپنے فیصلے پر قائم رہی۔ اس دوران محسن نقوی، امپائرز اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑی میدان میں موجود رہے۔
بھارتی کھلاڑی تلک ورما اور شیوام دوبے نے ذاتی ایوارڈز تو وصول کیے، لیکن ٹیم نے ٹرافی نہیں لی۔ محسن نقوی نے پاکستانی کھلاڑیوں کو رنر اپ ایوارڈز دیے جبکہ چیمپئن ٹرافی کو گراؤنڈ سے واپس بھیج دیا گیا۔
کمنٹیٹر سائمن ڈول نے اعلان کیا کہ بھارتی ٹیم نے اے سی سی کو باضابطہ اطلاع دی ہے کہ وہ اس شام ٹرافی وصول نہیں کرے گی۔ بھارتی بورڈ کے نمائندے دیواجیت سیکیا نے کہا کہ وجہ یہ تھی کہ ٹرافی محسن نقوی کے ہاتھوں دی جا رہی تھی۔
بھارتی کھلاڑیوں کو نہ میڈلز ملے اور نہ ہی چیمپئن بورڈ دیا گیا۔ انہوں نے میدان میں بغیر ٹرافی کے گروپ فوٹو کھنچوائے اور جیت کی خوشی میں ہاتھوں سے ٹرافی کا اشارہ بنا کر جشن منایا۔
بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے اس میچ کو "آپریشن سندور” سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے لیے یہ کھیل نہیں بلکہ ایک بیانیہ جنگ تھی۔
یہ پہلا موقع ہے کہ کرکٹ کی تاریخ میں کسی ٹیم نے سیاسی وجوہات کی بنیاد پر جیت کی ٹرافی وصول کرنے سے انکار کیا ہو۔