اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر کوالالمپور روانہ ہو گئے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم یہ دورہ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کی خصوصی دعوت پر کر رہے ہیں۔ دورے کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ ملاقات کے علاوہ وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے سے متعلق کئی معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی، آئی ٹی اور ڈیجیٹل معیشت سمیت دیگر اہم شعبوں میں تعلقات کے فروغ پر بات چیت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اس دورے میں عوامی سطح پر تعلقات مضبوط بنانے اور نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی غور کیا جائے گا، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔