اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)بین الاقوامی مالیاتی منظرنامے میں پاکستان کو ابھرتی ہوئی معیشتوں میں نمایاں مقام حاصل ہوگیا ہے، بلومبرگ کی تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستان نے معاشی استحکام کے حوالے سے شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان ڈیفالٹ کے خطرات میں کمی کے لحاظ سے دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔ جون 2024 سے ستمبر 2025 کے درمیان ملک نے وہ مالی نتائج حاصل کیے جو کئی بڑی ابھرتی معیشتیں نہ دکھا سکیں۔
کریڈٹ ڈیفالٹ سویپ (CDS) میں 2200 بیسس پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی، جو کہ پاکستان کی مالی ساکھ میں نمایاں بہتری کی علامت ہے۔
بلومبرگ نے کہا ہے کہ پاکستان واحد ابھرتی ہوئی معیشت ہے جس نے گزشتہ چار سہ ماہیوں میں مسلسل اپنی مالی پوزیشن بہتر بنائی۔ عالمی درجہ بندی میں پاکستان ترکی کے بعد دوسرے نمبر پر رہا، جو عالمی سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مالیاتی نظم و ضبط، ڈھانچہ جاتی اصلاحات، قرضوں کی بروقت ادائیگی اور آئی ایم ایف پروگرام پر عمل درآمد نے معیشت کو مستحکم کیا ہے۔
حکومتی پالیسیوں نے مہنگائی میں کمی، روپے کے استحکام اور بیرونی خسارے میں نمایاں کمی میں مدد دی۔ بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیاں — فچ، موڈیز اور ایس اینڈ پی پاکستان کے لیے مثبت آؤٹ لک برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
عالمی سطح پر یہ تاثر مضبوط ہوا ہے کہ پاکستان پالیسی کے تسلسل، مالی شفافیت اور اصلاحاتی اقدامات کے باعث ایک محفوظ اور پُرکشش سرمایہ کاری مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔