اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ سکول پر خوارج نے حملہ کر دیا جس کے دوران پولیس نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 7 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔
سنٹرل پولیس آفس کے مطابق خوارج نے رتہ کلاچی میں پولیس ٹریننگ سکول کے گیٹ پر بارود سے بھرا ٹرک پھینکا اور دھماکے کے بعد مختلف یونیفارمز میں ملبوس ہو کر سکول کے اندر داخل ہو گئے۔ پولیس اہلکاروں نے موقع پر ڈٹ کر مقابلہ کیا اور دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹس، بارودی مواد اور اسلحہ برآمد کیا۔
ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان کے مطابق سکول میں اس وقت ٹرینی اور اسٹاف سمیت تقریباً 200 افراد موجود تھے، جنہیں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے پانچ گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد علاقے کو کلیئر کر دیا۔
انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے شہید اہلکاروں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور کہا کہ ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ آپریشن میں حصہ لینے والے تمام افسروں اور جوانوں کے لیے انعامات کا اعلان بھی کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے دلیری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کر کے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔