اردو ورلڈکینیڈ ا ( ویب نیوز ) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا، جہاں قومی ٹیم کلین سوئپ مشن کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔
پہلا ٹیسٹ جیتنے کے بعد گرین کیپس نے اپنی جیت کی رفتار برقرار رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے، اور ٹیم مینجمنٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ پہلے میچ میں فتح حاصل کرنے والے اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی ۔
اوپنر عبداللہ شفیق پر ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کرنے کی ذمہ داری ہوگی، جو اپنی بیٹنگ میں جمود کو ختم کرنے کے خواہاں ہیں۔ کپتان شان مسعود بیٹنگ میں تسلسل لانے اور ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔پاکستان کی بیٹنگ لائن کا انحصار ایک بار پھر تجربہ کار جوڑی بابر اعظم اور محمد رضوان پر ہوگا، جو پچھلے میچ میں ٹیم کی جیت کے مرکزی کردار ثابت ہوئے تھے۔بولنگ کے شعبے میں اسپن جوڑی نعمان علی اور ساجد خان جنوبی افریقی بلے بازوں کو ایک بار پھر مشکلات میں ڈالنے کے لیے تیار ہیں، جب کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اپنی خطرناک سوئنگ سے مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن کو ہلا دینے کے لیے پر اعتماد ہیں۔
دوسری جانب، جنوبی افریقہ کی ٹیم میں کیشاف مہاراج کی واپسی سے حوصلہ بڑھا ہے، اور مہمان ٹیم سیریز برابر کرنے کے لیے بھرپور کوشش کرے گی۔ذرائع کے مطابق، جو ٹیم ٹاس جیتے گی وہ پہلے بیٹنگ کو ترجیح دے سکتی ہے، جبکہ راولپنڈی کا موسم خوشگوار رہنے کی توقع ہے، جس سے میچ کے دوران کھیل متاثر ہونے کے امکانات کم ہیں۔کرکٹ ماہرین کے مطابق، اگر پاکستان آج کا میچ جیت لیتا ہے تو یہ نہ صرف جنوبی افریقہ کے خلاف تاریخی کلین سوئپ ہوگا بلکہ نئی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھی گرین کیپس کو قیمتی پوائنٹس حاصل ہوں گے۔