اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)دنیا کے معروف یوٹیوبر مسٹر بیسٹ نے بالی وڈ کے تین بڑے ستاروں شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کے ساتھ تصویر شیئر کر کے مداحوں کو خوش کر دیا ہے۔
یہ تصویر سعودی عرب کے شہر ریاض میں جاری "جوائے فورم 2025” کے دوران لی گئی، جسے مسٹر بیسٹ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر پوسٹ کیا اور لکھا: "ہے انڈیا، کیا ہم سب کچھ ساتھ میں کریں؟”۔
مسٹر بیسٹ کے اس جملے نے مداحوں میں قیاس آرائیاں شروع کر دی ہیں کہ شاید وہ جلد ہی تینوں خانز کے ساتھ کسی بڑے پروجیکٹ یا ویڈیو میں نظر آئیں گے۔
تصویر میں شاہ رخ خان اور سلمان خان سوٹ میں شاندار نظر آ رہے ہیں، جبکہ عامر خان سیاہ کُرتا اور سفید پاجامے میں دکھائی دے رہے ہیں۔ مسٹر بیسٹ سادہ مگر اسٹائلش بلیک لباس میں تینوں کے ساتھ خوشگوار انداز میں مسکرا رہے ہیں۔
یہ تصویر وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر مداحوں نے مختلف تبصرے کیے۔ ایک صارف نے لکھا کہ امبانی کے بعد صرف مسٹر بیسٹ نے تینوں خانز کو ایک ساتھ لا کھڑا کیا، جبکہ ایک اور نے کہا کہ مسٹر بیسٹ اور بالی وڈ کے تینوں بادشاہ ایک فریم میں، اگلا سرپرائز کیا ہوگا؟
واضح رہے کہ شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان تین دہائیوں سے بالی وڈ کے سب سے بڑے نام ہیں اور انہیں ایک ساتھ دیکھنے کے مواقع بہت کم ملتے ہیں۔