اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی اونٹاریو میں اس سال سردیوں کا آغاز سخت اور برفباری سے بھرپور ہوگا، تاہم جنوری سے موسم نرم اور بارشوں والا ہو سکتا ہے۔ یہ پیش گوئی سٹی نیوز کی موسمِ سرما کی رپورٹ میں کی گئی ہے۔
ماہرِ موسمیات نتاشا رمساہی کے مطابق سردیوں کے پہلے اور دوسرے حصے میں نمایاں فرق ہوگا، جس کی بنیادی وجہ لا نینا ہے — یہ وہ موسمی رجحان ہے جس میں بحرالکاہل کے درجہ حرارت میں کمی آتی ہے اور جو شمالی امریکہ کے موسمِ سرما پر گہرا اثر ڈالتا ہے۔
رمساہی نے بتایا کہ اس وقت لا نینا کی موجودگی جیٹ اسٹریم کے رخ کو متاثر کر رہی ہے، جو سرد ہوا کے بہاؤ کو طے کرتی ہے، اور اس کے نتیجے میں ابتدائی مہینوں میں سخت سردی اور زیادہ برف متوقع ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ سائبریا میں برف کی مقدار بھی قطبی ہواؤں (پولر وورٹیکس) پر اثر انداز ہوتی ہے، جو سرد ہوا کو جنوبی کینیڈا تک لے آ سکتی ہے۔
چونکہ اس وقت گریٹ لیکس کے پانی کا درجہ حرارت معمول سے زیادہ گرم ہے، اس لیے جب سرد ہوا اس گرم پانی سے ٹکرائے گی تو شدید برفباری اور برفانی طوفان (سنو اسکوالز) پیدا ہو سکتے ہیں۔
رمساہی کے مطابق، "اس موسمِ سرما میں جنوبی اونٹاریو خصوصاً گریٹ لیکس کے اردگرد کافی برفباری اور برفانی جھکڑ دیکھنے کو ملیں گے۔”
پیش گوئی کے مطابق نومبر سے جنوری تک سردی اور برف زیادہ ہوگی، جبکہ جنوری سے مارچ کے دوران سردی شمالی اور مغربی علاقوں (البرٹا، سسکیچیوان، مینی ٹوبا) کی طرف منتقل ہو جائے گی، اور جنوبی اونٹاریو میں نسبتاً نرم اور بارش والا موسم دیکھنے کو ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ "جنوبی اونٹاریو اور ٹورنٹو میں ملے جلے موسم، یعنی برف اور بارش کے ساتھ پھسلن، آئندہ سال کے ابتدائی مہینوں میں ایک بڑا مسئلہ بن سکتی ہے۔”
رمساہی کا کہنا تھا کہ کینیڈا کے بدلتے موسمی حالات کی وجہ سے موسمِ سرما کی درست پیش گوئی کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے، کیونکہ سمندری اور فضائی عوامل روز بہ روز بدلتے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ملک کے مختلف حصوں میں موسم کی صورتحال ایک جیسی نہیں ہوگی — مشرق، مغرب اور وسطی کینیڈا کے حالات بہت مختلف رہیں گے۔
جہاں تک وائٹ کرسمس (برف سے ڈھکی کرسمس) کا تعلق ہے، رمساہی نے کہا کہ اس بارے میں کہنا ابھی قبل از وقت ہے، تاہم گزشتہ دہائیوں کے مقابلے میں اس کی امکان 30 فیصد کم ہو گئی ہے۔
ان کے مطابق60 اور 70 کی دہائی کے مقابلے میں آج ٹورنٹو میں وائٹ کرسمس کے امکانات میں واضح کمی آئی ہے، اور اس کی بڑی وجہ موسمیاتی تبدیلی اور عالمی درجہ حرارت میں اضافہ ہے۔