اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)ملک کے مختلف اضلاع میں ہونے والے ضمنی انتخابات فوج، رینجرز اور ایف سی کی سکیورٹی میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق، کمیشن نے وزارتِ داخلہ اور وزارتِ دفاع کو خطوط ارسال کیے ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 185 ڈیرہ غازی خان، این اے 18 ہری پور اور این اے 1 چترال میں ضمنی انتخابات شیڈول ہیں۔
ذرائع کے مطابق، خط میں مزید کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے حلقوں پی پی 269 مظفرگڑھ، پی پی 115 اور پی پی 116 فیصل آباد میں 23 نومبر کو ضمنی انتخابات ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات کے پرامن انعقاد اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے فوج، رینجرز اور ایف سی کی خدمات طلب کی ہیں۔
سکیورٹی فورسز کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 220 کے تحت الیکشن کمیشن کی معاونت کے لیے کی جائے گی۔ 22 سے 24 نومبر تک پرامن ماحول برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی اہلکار پولنگ اسٹیشنز کے باہر تعینات ہوں گے۔
انتخابی سامان کی ترسیل اور منتقلی بھی فوج کی نگرانی میں ہوگی، جب کہ سامان کو سٹرانگ روم میں جمع کراتے وقت آرمی، رینجرز اور ایف سی کے اہلکار تعینات رہیں گے۔ اس کے علاوہ، موبائل ویجیلنس ٹیمیں اور کوئیک رسپانس فورسز بھی موقع پر موجود ہوں گی۔