اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)کینیڈا کے صوبے مینٹوبا میں آر سی ایم پی نے ایک 44 سالہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے جس پر سیلکرک میں درجنوں گاڑیوں کے ٹائر کاٹنے کا الزام ہے۔ پولیس کے مطابق 18 اکتوبر کی صبح تقریباً ساڑھے 9 بجے اہلکاروں کو جمائما اسٹریٹ کے قریب متعدد گاڑیوں کے ٹائر پھٹنے کی شکایات موصول ہوئیں۔
پولیس جب موقع پر پہنچی تو انہیں پارکنگ لاٹ میں کئی سرخ رنگ کی گاڑیوں کے ٹائروں پر چاقو کے نشانات ملے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ ایک شخص چاقو سے ٹائر کاٹ رہا تھا۔ مجموعی طور پر 23 گاڑیوں کے 45 ٹائر نقصان کا شکار ہوئے۔
پولیس نے تحقیقات کے بعد شام تقریباً ساڑھے 5 بجے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا۔ بعد ازاں 44 سالہ اسٹیون ہولووچک، جو ونی پگ کا رہائشی ہے، پر مِس چیِف (املاک کو نقصان پہنچانے) کی 23 دفعات اور عوامی تحفظ کے لیے خطرناک ہتھیار رکھنے کی ایک دفعہ کے تحت الزامات عائد کیے گئے۔
آر سی ایم پی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے ٹائر اس دوران کاٹے گئے ہوں تو وہ تحقیقات میں مدد کے لیے 204-482-3322 پر رابطہ کریں۔ پولیس واقعے کے محرکات جاننے کے لیے مزید تفتیش کر رہی ہے۔