البرٹا حکومت کا نات وِتھ اسٹینڈنگ کلاز استعمال کرتے ہوئے 51 ہزار اساتذہ کو زبردستی کام پر واپس بلانے کا فیصلہ

اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)البرٹا کی پریمیئر ڈینیئل اسمتھ کی حکومت نے پیر کے روز ایک متنازع بل پیش کیا ہے جس کے تحت 51 ہزار ہڑتالی اساتذہ کو فوری طور پر کام پر واپس آنے کا حکم دیا گیا ہے۔ حکومت نے اس مقصد کے لیے کینیڈین چارٹر کی نات وِتھ اسٹینڈنگ کلاز استعمال کی ہے جو آئینی حقوق کو پانچ سال تک معطل کرنے کی اجازت دیتی ہے۔

اگر بل منظور ہو گیا تو طلبہ بدھ سے دوبارہ کلاسوں میں جائیں گے۔ اسمتھ نے کہا کہ یہ قدم طلبہ کے تعلیمی نقصان کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے کیونکہ ہڑتال کے باعث 7 لاکھ 40 ہزار سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔

بل کے تحت اگر اساتذہ یا ان کی یونین نے واپس کام پر جانے سے انکار کیا تو ان پر سخت جرمانے ہوں گے۔ کسی استاد پر روزانہ پانچ سو ڈالر اور یونین پر پانچ لاکھ ڈالر تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔

حکومت نے اس بل کے ذریعے وہ معاہدہ بھی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے جسے پہلے اساتذہ نے مسترد کر دیا تھا۔ اس معاہدے کے مطابق اساتذہ کو چار سال میں بارہ فیصد تنخواہوں میں اضافہ اور تین ہزار نئے اساتذہ کے ساتھ پندرہ سو معاون عملہ بھرتی کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔

اساتذہ کی تنظیم البرٹا ٹیچرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اصل مسئلہ تنخواہ نہیں بلکہ کلاسوں میں طلبہ کی تعداد اور خصوصی ضرورتوں والے بچوں کے لیے سہولیات کی کمی ہے۔

پریمیئر اسمتھ کا کہنا ہے کہ حکومت اب کلاس سائز سے متعلق اعداد و شمار دوبارہ جمع کر کے جاری کرے گی اور کلاسوں میں بڑھتی پیچیدگیوں پر ایک خصوصی پینل تشکیل دے گی، لیکن انہوں نے واضح کیا کہ کلاس سائز کی حد مقرر کرنا غیر مؤثر ثابت ہو چکا ہے۔

دوسری جانب صوبے کی تیس مزدور یونینز کے اتحاد "کامن فرنٹ” نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے نات وِتھ اسٹینڈنگ کلاز کے ذریعے مزدوروں کے حق احتجاج کو دبانے کی کوشش کی تو وہ غیر معمولی ردعمل دیں گے۔

اپوزیشن لیڈر ناہید نینشی نے کہا کہ حکومت نے اپنے ہی پیدا کردہ بحران سے نکلنے کے لیے جوہری ہتھیار استعمال کیا ہے اور عوام سوچنے میں حق بجانب ہیں کہ اب حکومت کس کے حقوق کو روندے گی۔یہ بل البرٹا بل آف رائٹس اور ہیومن رائٹس ایکٹ میں دی گئی کچھ ضمانتوں کو بھی معطل کر دیتا ہے۔

سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ قدم صوبے میں وسیع مزدور احتجاج کو جنم دے سکتا ہے جیسا کہ 2022 میں اونٹاریو میں ہوا تھا جب حکومت کو عوامی دباؤ پر اپنا فیصلہ واپس لینا پڑا تھا۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔