اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اردن کے سرکاری دورے کے دوران شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اردن کے ولی عہد بھی شریک تھے۔ دونوں رہنماؤں نے دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے اور باہمی تعلقات مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عوام، حکومت اور پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے شاہ عبداللہ دوم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اردن کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنا چاہتا ہے۔
شاہ عبداللہ دوم نے پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی۔
فیلڈ مارشل نے اردن کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف میجر جنرل یوسف احمد الحنیطی سے بھی ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں دفاعی تعاون، سلامتی کے امور اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بات چیت ہوئی۔فیلڈ مارشل کے اعزاز میں اردن کی مسلح افواج کی جانب سے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔