اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)پنجاب میں انسدادِ دہشت گردی فورس (سی ٹی ڈی) نے مختلف شہروں میں ایک ماہ کے دوران 386 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کے دوران 18 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں ایک انتہائی خطرناک دہشت گرد تنظیم کا مرکزی رکن بھی شامل ہے، جو صوبے کے ایک شہر میں دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی مکمل کر چکا تھا۔
یہ آپریشنز لاہور، منڈی بہاؤالدین، خوشاب، بہاولپور، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرانوالہ، نارووال، پاکپتن اور بھکر سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، آئی ای ڈی بم، تین ڈیٹونیٹرز، 13 فیوز وائر، تنظیمی لٹریچر، پمفلٹ اور نقدی برآمد ہوئی۔
گرفتار دہشت گردوں کی شناخت محمد کریم، علی رضا، محمد عزیز، محمد علی، ہاشم، نورالامین، سلیم، صدام اور دیگر کے ناموں سے ہوئی ہے۔
یہ تمام افراد مختلف مقامات پر حملوں کے ذریعے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کا منصوبہ رکھتے تھے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ رواں ماہ کے دوران 4601 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے، جن میں 109,892 افراد سے پوچھ گچھ اور 320 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے انٹیلی جنس اداروں کے ساتھ مل کر کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کو بروقت روکا جا سکے۔