ستائیسویں ترمیم،وزیر اعظم شہباز شریف آج حکومتی اتحادیوں کو اعتماد میں لیں گے

اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف آج 27ویں آئینی ترمیم کے سلسلے میں اتحادی جماعتوں کے وفود سے ملاقاتیں کریں گے۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کا وفد دوپہر 12 بجے وزیراعظم سے ملاقات کرے گا، جس میں مقامی حکومتوں سے متعلق ترامیم پر بریفنگ دی جائے گی۔

ایم کیو ایم کی جانب سے وزیراعظم کو آئینی ترامیم میں بلدیاتی نظام کے اختیارات کے تحفظ سے متعلق سفارشات پیش کی جائیں گی۔
اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اتحادی جماعتوں کے ارکان کو مجوزہ ترمیم کے نکات پر تفصیلی آگاہی دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پاک–افغان تعلقات اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی گفتگو متوقع ہے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی آئینی ترمیم کے معاملے پر اپنی مشاورت تیز کر دی ہے۔ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اجلاس آج کراچی میں طلب کیا گیا ہے، جس میں حکومت کے پیش کردہ ڈرافٹ پر اراکین کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کو ترمیم کے کچھ نکات پر تحفظات ہیں۔ پارٹی مؤقف اختیار کر رہی ہے کہ:

صوبوں کا مالی حصہ 57 فیصد سے کم نہیں ہونا چاہیے۔صوبائی خودمختاری میں کسی قسم کی کمی قابلِ قبول نہیں۔پورے ملک میں ایک ہی نصاب تعلیم نافذ کرنے کی تجویز پر بھی اعتراض موجود ہے۔

دوسری جانب اپوزیشن بھی 27ویں ترمیم کے معاملے پر متحرک ہو گئی ہے۔ نامزد اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی قیادت میں اسد قیصر اور علامہ راجہ ناصر عباس نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ لائحہ عمل اور ترمیم کی مخالفت کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پارلیمانی اعداد و شمار کے مطابق قومی اسمبلی کا ایوان 336 نشستوں پر مشتمل ہے، تاہم 10 نشستیں خالی ہونے کے باعث موجودہ ارکان کی تعداد 326 ہے۔
آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے 224 ووٹ درکار ہیں، جبکہ حکومتی اتحاد کو اس وقت 237 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

پارلیمانی قوت کے لحاظ سے مسلم لیگ (ن) 125 اراکین کے ساتھ سب سے بڑی جماعت ہے،پیپلز پارٹی کے 74،ایم کیو ایم پاکستان کے 22،ق لیگ کے 5،اور آئی پی پی کے 4 ارکان شامل ہیں۔

اسی طرح بلوچستان عوامی پارٹی، مسلم لیگ ضیاء، نیشنل پارٹی کے ایک ایک رکن کے علاوہ چار آزاد اراکین بھی حکومتی اتحاد کے ساتھ ہیں۔
اپوزیشن کے پاس اس وقت 89 ارکان ہیں، جن میں 75 آزاد، 10 جے یو آئی (ف) اور دیگر چھوٹی جماعتوں — سنی اتحاد کونسل، مجلس وحدت المسلمین، بی این پی مینگل اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی — کے ایک ایک نمائندے شامل ہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں