اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)دارالحکومت اوٹاوا میں اس ہفتے کے آخر پر موسم خزاں کے اختتام کے ساتھ ہی پہلی ممکنہ برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کا آغاز بارش اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت چار ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ہوگا شام تک بارش رکنے کا امکان ہے، تاہم رات بھر وقفے وقفے سے بونداباندی جاری رہ سکتی ہے۔
ہفتے کے دن درجہ حرارت صفر سے معمولی اوپر رہے گا اور ہلکی دھوپ کے ساتھ کچھ وقت کے لیے آسمان صاف ہونے کی توقع ہے محکمہ نے بتایا کہ ہوائیں بیس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔
ہفتے کی رات سے اتوار کی صبح کے درمیان درجہ حرارت منفی چھ ڈگری تک گرنے کا امکان ہے جس کے باعث برف کے گالوں کے گرنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ہفتے کے آخری روز یعنی اتوار کو درجہ حرارت صفر ڈگری کے قریب رہے گا اور برفباری کی توقع ہے جبکہ رات کو منفی تین ڈگری تک گرنے کا امکان ہے۔
یہ اس موسم کی پہلی باقاعدہ برفباری ہو سکتی ہے اگرچہ چند روز قبل بھی کچھ برف کے ذرات گرے تھے، مگر وہ زمین پر جمنے سے پہلے ہی پگھل گئے تھے۔
یہ خبربھی پڑھیں :ؒکینیڈا کے بیشتر حصوں میں موسم گرما کی شدت معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے،ماحولیات کینیڈا
پیر کی رات درجہ حرارت غیر معمولی طور پر کم یعنی منفی تیرہ ڈگری تک گرنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جو سردیوں کے حقیقی آغاز کا احساس دلائے گی۔
عام طور پر اس وقت سال کے اسی دور میں درجہ حرارت سات ڈگری زیادہ سے زیادہ اور منفی ایک ڈگری کم سے کم ہوتا ہے موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی پولیس نے ڈرائیوروں کو پھسلن بھری سڑکوں کے بارے میں خبردار کیا ہے۔
جمعہ کی صبح اوتاوا ویلی ہائی وے 60 پر برفیلے حصے دیکھے گئے جن کے باعث ڈرائیوروں کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے افسران نے یاد دہانی کروائی ہے کہ گاڑیوں پر برف کے ٹائروں کی تنصیب، وائپرز کی درستگی اور اضافی وقت و فاصلہ رکھنے سے حادثات سے بچا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب، شہری انتظامیہ نے موسمِ خزاں سے موسمِ سرما میں تبدیلی کے لیے صفائی، سوئمنگ پولز و کھیل کے میدان بند کرنے اور برف کے میدان (اسکیٹنگ رِنک) تیار کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
شہر کی انتظامیہ نے شہریوں کو یاد دلایا ہے کہ 15 نومبر سے یکم اپریل کے دوران پارکنگ پر پابندی موسم کی شدت کے مطابق نافذ کی جا سکتی ہے۔