اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)امریکا نے شامی صدر احمد الشرع اور وزیر داخلہ انس خطاب پر عائد پابندیاں ختم کر دی ہیں امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق دونوں افراد کی سپیشلی ڈیزگنیٹڈ گلوبل ٹیررسٹ کی حیثیت ختم کر دی گئی ہے۔
آئندہ ہفتے احمد الشرع امریکی صدر سے ملاقات کریں گے یہ فیصلہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظوری کے بعد کیا گیا، جس میں دو روز قبل امریکی پیش کردہ قرارداد کے حق میں ووٹ دیا گیا۔
یہ خبربھی پڑھیں :جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام،ایران پر اقوام متحدہ کی نئی پابندیاں
قرارداد میں احمد الشرع پر عائد پابندیاں اٹھانے کی منظوری دی گئی تھی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام زیادہ تر علامتی نوعیت کا ہے، کیونکہ احمد الشرع کو پہلے بھی بیرون ملک دورے کے لیے استثنیٰ دیا جاتا رہا ہے۔
اب ان پر سے اثاثوں کی منجمدگی اور اسلحے کی پابندی بھی ختم ہو جائے گی احمد الشرع ماضی میں القاعدہ سے منسلک رہے ہیں، لیکن ان کے گروپ حیات تحریر الشام کو جولائی میں امریکی فہرست سے خارج کر دیا گیا تھا۔
اس کے بعد ان پر سابقہ پابندیوں کا اطلاق ختم کرنے کا راستہ کھلا دمشق کے حکام کے مطابق شامی صدر اپنے واشنگٹن دورے کے دوران باقی ماندہ پابندیوں کے خاتمے، ملک کی تعمیرِ نو اور انسدادِ دہشت گردی کے امور پر بات کریں گے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ فیصلہ خطے کی سفارتی اور سیاسی صورتحال میں اہم قدم ہے، جس سے شامی حکومت کو بین الاقوامی سطح پر کچھ حد تک سیاسی اور اقتصادی سہولت مل سکتی ہے۔
واشنگٹن اور دمشق کے درمیان تعلقات میں بہتری کی امید ظاہر کی جا رہی ہے، اور یہ اقدام شام میں موجود امریکی مفادات اور خطے کے امن کے لیے بھی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔