اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)ایڈمنٹن کے ڈاؤن ٹاؤن علاقے میں 102 ایونیو اور 106 اسٹریٹ کے قریب جاری تعمیراتی منصوبوں نے مقامی کاروباری افراد کو مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ کئی دکانداروں کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کام اور ٹریفک میں رکاوٹوں کی وجہ سے ان کے گاہک کم ہو گئے ہیں۔
کسٹم آرتھوپیڈک کے ٹموتھی موفٹ نے بتایا کہ ان کا کاروبار تقریباً 20 سے 30 فیصد تک متاثر ہوا ہے کیونکہ متعدد سڑکوں پر بیک وقت کام ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق،مریض فون کر کے کہتے ہیں کہ ہم نہیں آ سکتے کیونکہ راستے بند ہیں۔ ہمیں اپوائنٹمنٹ منسوخ کرنا پڑ رہی ہے۔”
موفٹ نے مزید کہا کہ اس سال پیدل آنے والے گاہکوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔گرمیوں میں سینڈلز کی فروخت تقریباً ختم رہی، اور ہم نے سردیوں کے جوتے بھی کم منگوائے کیونکہ ہمیں معلوم تھا کہ تعمیراتی صورتحال خراب رہے گی۔
ان کی دکان کے اردگرد کئی منصوبے جاری ہیں، جن میں ویلی لائن ویسٹ ایل آر ٹی کا ڈرینیج ورک بھی شامل ہے جو 102 ایونیو پر 102 سے 107 اسٹریٹ تک پھیلا ہوا ہے۔ اس کے علاوہ جیسپر ایونیو پر 105 اسٹریٹ کی ایک لین بند ہے جبکہ 106 اسٹریٹ بھی ویئر ہاؤس پارک پروجیکٹ کے تحت بند ہے۔
کاکیو اسٹوڈیو کیفے کے شریک مالک ڈلاس آرشینڈ نے کہا،یہ علاقہ بہت بند سا لگتا ہے، اور ہمارے کچھ گاہکوں کو اندر آنے میں مشکل ہوتی ہے۔کاروباری افراد کا کہنا ہے کہ انہیں شہر کی انتظامیہ سے بہتر معلومات اور پیشگی اطلاع فراہم کی جانی چاہیے۔
اس علاقے کی نمائندہ کونسلر این اسٹیونسن نے بتایا کہ وہ عملے سے کہہ چکی ہیں کہ ایسے منصوبوں کے بارے میں رہائشیوں اور کاروباریوں کو آگاہ کرنے کے لیے نوٹیفکیشن سسٹم بنایا جائے۔ ان کے مطابق معلومات کا تبادلہ بہت اہم ہے، اور ساتھ ہی مالی معاوضے کی تجویز بھی زیر غور ہے، تاکہ متاثرہ کاروباروں کو کچھ مدد مل سکے۔”
آرشینڈ جو دسمبر میں نیا کاروبار کھولنے جا رہے ہیں، امید کرتے ہیں کہ اس وقت تک سڑکیں صاف اور کھلی ہوں گی۔ہم چاہتے ہیں کہ جیسپر ایونیو تک صاف راستہ ہو تاکہ گاہک آسانی سے پہنچ سکیں۔ امید ہے کہ جلد معمول کے مطابق ٹریفک بحال ہو جائے گی۔