اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کے معروف سینیٹر اور سابق مشیرِ وزیراعظم عرفان صدیقی انتقال کر گئے ہیں۔ وہ نواز شریف کے دیرینہ ساتھی اور سیاسی و علمی حلقوں میں ایک معتبر شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مرحوم نے پاکستان میں جمہوریت کے لیے بے پناہ خدمات انجام دیں اور ان کی شخصیت نمایاں اور عظیم تھی۔ صدر زرداری نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ایک سنجیدہ مفکر، معلم اور اصول پسند دانشور سے محروم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرفان صدیقی نے علم، برداشت اور دلیل کو ہمیشہ اپنی شخصیت اور تحریروں کا محور بنایا۔ وزیراعظم نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور اللہ سے دعا کی کہ مرحوم کی روح کو جنت میں جگہ دے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ عرفان صدیقی میرے انتہائی مخلص اور بااعتماد بھائی تھے۔ ان کے قلم اور آزاد فکر نے پاکستان کی سیاست اور صحافت میں اہم کردار ادا کیا۔ نواز شریف نے کہا کہ ان کی یادیں اور خدمات ہمیشہ دل و دماغ میں زندہ رہیں گی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مرحوم کو صحافت اور سیاست کے اعلیٰ روایات کے علمبردار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور خاندان کو صبر عطا کرے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستانی سیاست ایک باوقار اور شاندار سیاستدان سے محروم ہو گئی ہے اور عرفان صدیقی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بھی مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔
عرفان صدیقی اپنی اصول پسندی، شائستگی اور دانشمندانہ سیاسی طرزِ عمل کی وجہ سے سیاسی حلقوں میں بہت محترم تھے اور ان کی علمی و سیاسی خدمات آج بھی یاد کی جاتی ہیں۔