اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)صوبہ البرٹا کی سب سے بڑی بلدیاتی کانفرنس "البرٹا میونسپلٹیز 2025 کنونشن اینڈ ٹریڈ شو” بدھ سے ٹیلیس کنونشن سینٹر میں شروع ہوگئی، جس میں صوبے بھر سے 1200 سے زائد نمائندے، میئرز، کونسلرز اور سرکاری عہدیداران شرکت کر رہے ہیں۔ تین روزہ یہ اجتماع جمعے تک جاری رہے گا اور اسے مقامی حکومتوں کے درمیان روابط بڑھانے اور پالیسی سازی کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔
اس سال کانفرنس میں شامل کئی نمائندے اکتوبر 20 کے حالیہ بلدیاتی انتخابات کے بعد اپنے عہدوں پر نئے تعینات ہوئے ہیں، اس لیے ان کے لیے یہ اجتماع تربیتی اور تعارفی نوعیت بھی رکھتا ہے۔ ایونٹ کے دوران مختلف تربیتی ورکشاپس، مباحثے اور نیٹ ورکنگ سیشنز کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔
کانفرنس کا سب سے اہم حصہ ’ریزولوشنز سیشن‘ ہوگا جہاں نمائندے مختلف تجاویز پر بحث اور ووٹنگ کریں گے۔ اس مرحلے میں وہ نکات شامل ہیں جنہیں بلدیاتی سطح سے صوبائی یا وفاقی حکومت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ اس سال زیرِ بحث تجاویز میں بلدیاتی ٹیکس بل سے صوبائی پراپرٹی ٹیکس ہٹانے اور صوبے کی لائبریریوں کے لیے مالی امداد میں اضافے کی تجویز شامل ہے، جسے کیلگری سٹی کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
کانفرنس کے دوران مندوبین کو جمعرات کوڈینیئل اسمتھ اور جمعہ کو اپوزیشن لیڈر ناہید نینشی سے خطاب سننے کا موقع ملے گا۔ علاوہ ازیں، متعدد صوبائی وزراء بھی موجود رہیں گے تاکہ بلدیاتی رہنماؤں کے ساتھ مکالمہ کر سکیں اور ان کے سوالات کے جوابات دے سکیں۔
ماہرین کے مطابق یہ کنونشن بلدیاتی اداروں کے درمیان تعاون، پالیسی ہم آہنگی اور مستقبل کی ترقیاتی ترجیحات طے کرنے کے لیے نہایت اہم کردار ادا کرے گا۔