اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)جمیکا ایسوسی ایشن آف مونٹریال اور اس کے درجنوں رضاکار ان دنوں بھرپور انداز میں مصروف ہیں، کیونکہ وہ طوفان "ملیسا” سے تباہ حال جمیکا کے متاثرہ علاقوں کے لیے خوراک، کپڑے اور ضروری سامان سے بھرے ڈبے اور بیرل تیار کر رہے ہیں۔ ایسوسی ایشن کے صدر مارک ہنری کے مطابق “ہم نے غیر خراب ہونے والی اشیاء، صفائی کا سامان، ادویات اور کپڑوں کا بہت بڑا ذخیرہ جمع کیا ہے۔ کپڑوں کی اتنی زیادہ مقدار آ گئی ہے کہ اب ہمیں مزید کپڑے وصول کرنا روکنا پڑا۔
طوفان ملیسا جو اٹلانٹک کے تاریخ کے طاقتور ترین سمندری طوفانوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے، نے 28 اکتوبر کو جمیکا کے جنوب مغربی ساحل کو نشانہ بنایا، جہاں درجنوں گھر تباہ اور کھیت برباد ہو گئے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 45 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 15 افراد لاپتہ ہیں۔
مونٹریال کے ساتھ ساتھ جمیکا ایسوسی ایشن آف اوٹاوا بھی اس امدادی مہم میں شریک ہے۔ بدھ کے روز ایسوسی ایشن نے 40 بیرل امدادی سامان جمع کیا، اور ان کا ہدف 150 بیرل کا ہے تاکہ ایک مکمل کنٹینر جمیکا روانہ کیا جا سکے۔ ہنری نے کہا کہ “اگر ہم 150 بیرل اکٹھے کرلیں تو پورا کنٹینر یہیں سے بھیجا جائے گا، ورنہ ہمیں ٹرک کے ذریعے ٹورنٹو لے جانا پڑے گا۔
رضاکار راڈرک رونی کے مطابق ہم کئی دنوں سے مسلسل کام کر رہے ہیں اور اس وقت تک نہیں رکیں گے جب تک سامان بھر کر روانہ نہیں ہو جاتا۔
ایسوسی ایشن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر خراب ہونے والی اشیاء اور بنیادی ضرورت کا سامان مختلف مقامات، جیسے کوٹ-دے-نیج، ڈاؤن ٹاؤن، این ڈی جی، اور ویسٹ آئی لینڈ میں پہنچائیں۔
مزید مدد کے لیے رضاکاروں کی بھی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ، سی ڈی این بلیک کمیونٹی ایسوسی ایشن کے تعاون سے امدادی فنڈ ریزنگ ایونٹس — “ون لو فائٹ نائٹ” (15 نومبر) اور “ون لو برنچ” (16 نومبر) — بھی منعقد کیے جائیں گے۔