اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )مدینہ منورہ میں گزشتہ روز ہونے والے ہولناک بس حادثے میں بھارت سے تعلق رکھنے والے 45 عمرہ زائرین جاں بحق ہوگئے۔
تاہم اسی بس میں سوار صرف ایک نوجوان، 24 سالہ محمد عبدالشعیب معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا۔ بھارتی اور عرب میڈیا کے مطابق عبدالشعیب اس وقت سعودی عرب کے ایک اسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔حادثہ اُس وقت پیش آیا جب عمرہ زائرین سے بھری بس کو مدینہ کے قریب ایک **آئل ٹینکر نے ٹکر ماری**، جس کے فوراً بعد بس میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ ڈرائیور سمیت بیشتر مسافروں کو سنبھلنے کا موقع نہ مل سکا۔
عبدالشعیب کیسے بچ نکلے؟
بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کے لمحے عبدالشعیب ڈرائیور کے بالکل قریب بیٹھے ڈرائیور سے گفتگو کر رہے تھے۔ ٹکر لگتے ہی انہوں نے **فوری حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈرائیور کے پاس والی کھڑکی سے چھلانگ لگا دی**۔ چند ہی سیکنڈز بعد پوری بس شعلوں کی لپیٹ میں آگئی اور باقی مسافر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
پورے خاندان کی ایک ہی لمحے میں تباہی
زندہ بچ جانے والے نوجوان کے رشتے دار محمد تحسین نے میڈیا کو بتایا کہ شعیب سعودی عرب میں ایک نجی فرم میں ملازمت کرتا ہے اور وہ اپنے والدین، دادا اور چچا کی فیملی کے تین افراد کے ساتھ عمرہ ادائیگی کیلئے گیا تھا۔تحسین کے مطابق حادثے کے بعد صبح تقریباً ساڑھے 5 بجے شعیب نے زخمی حالت میں فون کرکے بتایا کہ اس نے اپنے والدین، دادا، چچا اور خاندان کے دیگر افراد کو کھو دیا ہے لیکن وہ خود بس سے چھلانگ لگا کر جان بچانے میں کامیاب ہوگیا۔ بعد ازاں اس کی حالت بگڑنے پر اسے آئی سی یو منتقل کردیا گیا، جہاں اب اہلِ خانہ اس کی صحت یابی کی دعاؤں میں مصروف ہیں۔