اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کیلئے ایک وسیع دفاعی پیکیج کی منظوری دے دی ہے
جس کے تحت مملکت کو جدید ایف-35 لڑاکا طیارے فراہم کیے جائیں گے۔ترجمان کے مطابق اس ڈیل میں تقریباً 300 جدید ٹینکوں کی خریداری بھی شامل ہے، جو سعودی فوج کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ تعاون دونوں ممالک کے اسٹریٹجک تعلقات کو نئی مضبوطی فراہم کرے گا۔امریکی بیان میں بتایا گیا ہے کہ واشنگٹن اور ریاض کے درمیان کئی اہم شعبوں میں تعاون کے معاہدے طے پا گئے ہیں، جن میں سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی کا ایک بڑا اور تاریخی منصوبہ بھی شامل ہے۔اس کے ساتھ ساتھ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے شعبے میں بھی اہم ایم او یو پر دستخط کیے گئے ہیں جسے خطے میں ٹیکنالوجی کی ترقی کے نئے دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے رہنما توقع رکھتے ہیں کہ سعودی ولی عہد کے موجودہ دورۂ واشنگٹن کے دوران امریکا میں سعودی سرمایہ کاری 600 ارب ڈالر سے بڑھا کر ایک کھرب ڈالر تک لے جانے پر پیش رفت ہوگی۔ امریکی حکام کے مطابق یہ شراکت داری نہ صرف خطے کی سیکیورٹی اور دفاعی استعداد بڑھائے گی بلکہ معاشی تعاون کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گی۔