اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ویسٹ یارکشائر پولیس کی منی لانڈرنگ اور مالی جرائم کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی ۔
خطے میں سرگرم مختلف مجرمانہ گروہوں کے غیر قانونی اثاثے ضبط کرلیے۔ پولیس کے مطابق اس آپریشن میں مجموعی طور پر 2.7 ملین پاؤنڈ مالیت کے غیر قانونی اثاثے قبضے میں لیے گئے، جب کہ 4 ملین پاؤنڈ کی مالیت کے متعدد بینک اکاؤنٹس اور جائیدادوں کو منجمد کردیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ کارروائیاں گزشتہ کئی ماہ سے جاری تفتیش کا حصہ تھیں، جن میں منی لانڈرنگ کے پیچیدہ نیٹ ورکس، غیر قانونی مالی لین دین، جعلی کاروباری سرگرمیوں اور غیرقانونی درآمدات کے انکشافات شامل تھے۔ آپریشن کے دوران پولیس نے ہائی اسٹریٹ کی مختلف دکانوں پر چھاپے مارے، جن سے بڑی مقدار میں **جعلی سگریٹس، غیر قانونی ویپس اور دیگر ممنوعہ اشیاء برآمد کی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ اشیاء منظم جرم کا حصہ تھیں اور ان کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم منی لانڈرنگ نیٹ ورکس میں استعمال کی جا رہی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ آپریشن کے ایک اور حصے میں کرکلیز میں سرگرم ایک گروہ کو بھی بے نقاب کیا گیا جو مبینہ طور پر سونے کی خرید و فروخت میں فراڈ اور غیر قانونی مالی سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ اس گروہ کے ایک لاکھ 17 ہزار پاؤنڈ مالیت کے مشکوک بینک فنڈز کو فوری طور پر منجمد کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گروہ نے سونے کی تجارت کو منی لانڈرنگ کے آلے کے طور پر استعمال کیا، جس کے ذریعے وہ کالے دھن کو قانونی دکھا کر مالی نظام میں شامل کرتے تھے۔
ویسٹ یارکشائر پولیس کے ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ پولیس مالی جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ایسے جرائم کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھیں گے تاکہ مقامی کمیونٹیز کو محفوظ رکھا جا سکے اور غیر قانونی مالی سرگرمیوں سے ہونے والے معاشی نقصان کو روکا جا سکے۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک مالی سرگرمیوں، غیر قانونی کاروبار یا جعلی مصنوعات کی فروخت کے بارے میں معلومات فراہم کرکے تحقیقات میں تعاون کریں۔