اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)الیکشنز البرٹا نے پریمیئر ڈینیئل اسمتھ کی یونائیٹڈ کنزرویٹو پارٹی کے مزید 5 اراکین کے خلاف نشست واپس لینے کی درخواستیں منظور کر لی ہیں۔ اس طرح ایسے اراکین کی مجموعی تعداد 14 ہو گئی ہے یعنی پارٹی کے تقریباً ایک تہائی ارکان اب اس عمل میں شامل ہیں، جو اسمبلی میں حکومتی اکثریت کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
منظور کی گئی نئی درخواستوں میں کابینہ کے وزراء سرل ٹرٹن اور نیوتھَن نیوڈورف شامل ہیں۔ ان کے علاوہ ارکان جیسن اسٹیفن، جیکی لولی اور گلن وین ڈائیکن کے خلاف بھی درخواستوں کو اجازت دے دی گئی ہے۔
البرٹا کے قانون کے مطابق کسی بھی حلقے کا ووٹر یہ درخواست جمع کرنے کی اجازت مانگ سکتا ہے اگر اسے لگے کہ اس کا منتخب رکن اپنے فرائض پورے نہیں کر رہا۔
درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ یہ ارکان اپنے حلقوں کے لیے آواز نہیں اٹھا رہے، عوام سے رابطہ نہیں رکھتے اور بعض صورتوں میں حکومت کے حالیہ فیصلوں — خصوصاً اساتذہ کی ہڑتال ختم کرنے کے لیے نوٹس وِتھ اسٹینڈنگ کلاز کے استعمال — کی اندھی حمایت کر رہے ہیں۔
کچھ درخواستوں میں ارکان پر یہ الزام بھی ہے کہ وہ مقامی مسائل جیسے مہنگائی، صحت اور تعلیمی مسائل کے بجائے تقسیمی سیاست پر زیادہ توجہ دیتے ہیںمتاثرہ ارکان نے اپنے دفاع میں کہا ہے کہ وہ مسلسل اپنے حلقوں کے لیے کام کرتے ہیں اور یہ الزامات حقیقت کے خلاف ہیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ طریقہ صرف سنگین بدعنوانی یا غلط کام کے خلاف استعمال ہونا چاہیے، نہ کہ پالیسی اختلافات کے لیے۔ کچھ وزراء نے دعویٰ کیا ہے کہ ان سب درخواستوں کے پیچھے ایک منظم گروہ کام کر رہا ہے، مگر متعدد درخواست گزاروں نے اس الزام کی تردید کی ہے۔
اگر تین ماہ میں ہر حلقے میں مطلوبہ تعداد میں دستخط جمع ہو گئے تو پھر عوام فیصلہ کریں گے کہ رکن اسمبلی اپنی نشست برقرار رکھے یا نہیں اگر 14 میں سے زیادہ تر ارکان اپنی نشست کھو دیتے ہیں تو حزبِ اختلاف این ڈی پی کے پاس اسمبلی کی اکثریت آ سکتی ہے۔