اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ان کی چار دہائیوں پر محیط عسکری خدمات کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تقریب میں سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سمیت تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے 40 سال مکمل کرنے کے بعد عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔ اپنے الوداعی خطاب میں انہوں نے اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ملک و قوم کی خدمت پوری دیانتداری، لگن اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ انجام دینے کا موقع ملا۔ انہوں نے پاک افواج کے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلِ خانہ کے حوصلے کو سلام پیش کیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں اس بات پر بھی زور دیا کہ بدلتے ہوئے عالمی اور علاقائی حالات میں مضبوط دفاع قومی سلامتی کی بنیادی ضمانت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط اور ناقابلِ تسخیر ہے، اور مسلح افواج کے افسر اور جوان ملک کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
تقریب کے آغاز پر جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز آمد پر تینوں سروسز کے چاق و چوبند دستوں نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا، جس سے ان کی طویل اور قابلِ فخر عسکری خدمات کا اعتراف کیا گیا۔