اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)البرٹا کے تقریباً 16 ہزار ہیلتھ کیئر کارکنان جس میں لائسنس یافتہ پریکٹیکل نرسز (LPNs)، ہیلتھ کیئر ایڈز (HCAs) اور البرٹا یونین آف پروونشل ایمپلائز (AUPE) کے دیگر ممبران شامل ہیں نے نیا چار سالہ اجتماعی معاہدہ بھاری اکثریت سے منظور کر لیا ہے یہ معاہدہ گزشتہ ہفتے ممکنہ ہڑتال سے بالکل پہلے طے پایا تھا۔
یہ کارکنان Alberta Health Services (AHS)، Allen Grey Continuing Care اور صوبے کے نئے ہیلتھ کیئر ستونوں میں خدمات انجام دیتے ہیں۔ معاہدہ یکم اپریل 2024 سے مؤثر ہوگا اور 31 مارچ 2028 تک نافذالعمل رہے گا۔AUPE کی صدر سینڈرہ آزوکار نے اسے ’’طویل اور مایوس کن عمل‘‘ قرار دیا، مگر یہ بھی کہا کہ کارکنوں نے ’’صوبے میں اجتماعی معاہدوں کے معیار کو بلند کیا ہے۔‘کل ووٹنگ میں 71 فیصد ممبران نے حصہ لیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں :البرٹا میں ہیلتھ کیئر کا بحران شدت اختیار کرگیا، ہزاروں ملازمین کے ہڑتال پر جانے کا خدشہ
-
AHS اور نئے ہیلتھ کیئر اداروں کے ملازمین میں سے 63.3 فیصد نے معاہدے کے حق میں ووٹ دیا۔
-
Allen Grey Continuing Care کے ملازمین میں یہ شرح 95 فیصد رہی۔
اسی دوران، Lamont Health Care Centre میں نرسنگ کیئر کے ملازمین نے اس معاہدے کو مسترد کر دیا ہے اور وہ دوبارہ مذاکرات کریں گے۔
آزوکار کے مطابق، یہ معاہدہ ’’تنخواہوں اور کام کے حالات میں بہتری کی جانب مضبوط قدم ہے‘‘ اور 2028 کے مذاکرات کے لیے کارکنوں کو بہتر پوزیشن میں کھڑا کرے گا۔
البرٹا کے وزیر صحت ایڈرین ہارنر نے بھی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریباً 16 ہزار نرسوں اور ہیلتھ کیئر ایڈز کو بہتر تنخواہیں اور مراعات فراہم کرے گا، جو صحت کے نظام میں طویل مدتی استحکام لانے میں مدد دے گا۔
یہ منظوری ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مذاکرات انتہائی کشیدہ مرحلے میں تھے، اور 22 نومبر کو نرسوں اور ہیلتھ کیئر ایڈز کی ممکنہ ہڑتال عین آخری وقت میں ہونے والے عبوری معاہدے کے باعث روک دی گئی۔