اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکا شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں ہے، جس کے باعث ملک بھر میں نظامِ زندگی شدید متاثر ہوا ہے
کئی ریاستوں میں برفباری نے عمارتوں، گھروں اور شاہراہوں کو دو فُٹ سے زائد برف کی تہہ میں دبا دیا ہے۔ نیویارک، الینوائے اور مشی گن میں ہر طرف برف ہی برف نظر آ رہی ہے جبکہ الاسکا میں بھی برفباری کے بعد درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔ خراب موسم نے فضائی سفر کو بُری طرح متاثر کیا ہے اور ہزاروں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق شکاگو نے اس نومبر میں **تاریخی برفباری کا ریکارڈ بنا لیا ہے جہاں اوہیئر ایئرپورٹ پر 8.4 انچ برف ریکارڈ کی گئی۔ محکمۂ موسمیات نے آج سے ملک کے بڑے حصوں میں مزید بارش، یخ بستہ ہواؤں اور برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے سردی کی شدت میں اضافے کا انتباہ جاری کیا ہے۔کینساس، نیبرسکا اور مشرقی ساحلی ریاستوں میں نئے برفانی طوفان کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ پینسلوینیا اور نیوجرسی میں بھی شدید برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جہاں 6 انچ یا اس سے زائد برف پڑ سکتی ہے۔
دوسری جانب برطانیہ بھی موسمِ سرما کی شدت کے لیے تیار ہو رہا ہے اور وہاں 9 اور 10 دسمبر کو انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ میں **شدید برفباری کی وارننگ** جاری کی گئی ہے۔