اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)خیبرپختونخوا میں غیر قانونی افغان شہریوں کی وطن واپسی کے عمل میں سست روی کو نوٹس میں لیتے ہوئے محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کارروائیاں تیز کرنے کی سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ صوبے میں موجود غیر قانونی افغان شہریوں کے خلاف مؤثر آپریشن نہ ہونے پر شدید تشویش ہے۔ اسی وجہ سے پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ کرائے کے گھروں میں مقیم افغان باشندوں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائیاں کی جائیں۔ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ ادارے افغان مہاجرین کے انخلا کے عمل کو یقینی بنائیں تاکہ صوبے میں غیر قانونی قیام کے خلاف مضبوط پیغام بھیجا جا سکے۔
محکمہ داخلہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ افغان مہاجرین کے لیے قائم کیمپ صوبائی حکومت کے لیے مالی بوجھ بن چکے ہیں۔ اس لیے ان کی بندش اور وہاں موجود افراد کی وطن واپسی پر زور دیا جا رہا ہے۔ حکومت مزید مالی بوجھ برداشت کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے، اس لیے کیمپوں کے عمل کو تیز کرنا ضروری ہے۔
محکمہ داخلہ نے ضلعی پولیس افسران کو مکمل ڈیٹا فراہم کر دیا ہے۔ جہاں ڈیٹا پہلے سے مرتب ہو چکا ہے، وہاں متعلقہ محکموں کو فراہم کر کے فوری کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد غیر قانونی افغان شہریوں کے قیام کے تمام پہلوؤں کو مؤثر طریقے سے کنٹرول کرنا اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانا ہے۔
واضح رہے کہ صوبے بھر میں افغان باشندوں کے انخلا کا عمل کافی سست روی کا شکار رہا ہے۔ اس پر محکمہ داخلہ نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تمام اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی قیام اور صوبے میں مالی بوجھ دونوں کے تناظر میں یہ کارروائیاں ناگزیر ہیں۔