اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) بھارت کا روسی شہریوں کے لیے ایک اہم سہولت کا اعلان کرتے ہوئے 30 روزہ مفت ای ٹورسٹ ویزا جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ اعلان نئی دہلی میں منعقدہ بھارت۔روس سالانہ سربراہی اجلاس کے دوران کیا گیا، جس میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے خصوصی شرکت کی۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ روسی شہریوں کے لیے 30 دن کا مفت ای ٹورسٹ ویزا اور 30 روزہ گروپ ٹورسٹ ویزا بہت جلد متعارف کرایا جائے گا۔سربراہی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دفاعی اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ بھارتی حکام کے مطابق بھارت نے روس سے مزید ایس-400 میزائل سسٹمز حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، جب کہ ساتھ ہی روسی ساختہ سو-30 لڑاکا طیاروں کی جدید خطوط پر اپ گریڈیشن پر بھی بات چیت کی گئی۔
دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم اس وقت تقریباً 68 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔ بھارت کا ہدف ہے کہ اسے 2030 تک 100 ارب ڈالر تک بڑھایا جائے۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے اقتصادی تعاون، توانائی کی شراکت داری اور ٹیکنالوجی سے متعلق شعبوں میں بھی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔بھارتی حکومت کی جانب سے روسی شہریوں کے لیے ویزا میں نرمی کا یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک اور تجارتی تعلقات کی علامت سمجھا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ سفری و کاروباری روابط بھی مزید مضبوط ہوں گے۔