اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے عالمی امن کے فروغ میں کردار ادا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے پہلے ’’فیفا امن ایوارڈ‘‘ سے نواز دیا۔
یہ اعزاز واشنگٹن میں ہونے والی تقریب کے دوران دیا گیا، جو آئندہ سال امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر منعقد ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے ڈراز کے سلسلے میں منعقد ہوئی۔تقریب میں فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے ذاتی طور پر صدر ٹرمپ کو ایوارڈ پیش کیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق فیفا نے گزشتہ ماہ اس نئے ایوارڈ کا اعلان کیا تھا، جس کا مقصد ان شخصیات کو سراہنا ہے جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر امن کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہوں۔
ایوارڈ وصول کرنے کے بعد اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ اعزاز ان کی زندگی کے سب سے اہم اعزازات میں سے ایک ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی سفارتی کوششوں کی بدولت لاکھوں جانیں بچائی گئیں اور کانگو سمیت پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ جیسے سنگین تنازعات کو بھی ابتدا میں ہی ٹال دیا گیا۔
صدر ٹرمپ نے جیانی انفینٹینو کی کارکردگی کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ فیفا چیف نے عالمی فٹبال کو نئی بلندیوں پر پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے لیے ٹکٹوں کی ریکارڈ فروخت انفینٹینو کی قیادت اور کھیل کی مقبولیت کا ثبوت ہے۔