اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )امریکی ریاست الاسکا کے دور افتادہ پہاڑی علاقے یاکوٹیٹ میں گزشتہ رات 7.0 شدت کے طاقتور زلزلے نے زمین کو زور دار جھٹکوں سے ہلا کر رکھ دیا۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز زمین کی سطح سے صرف 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا، جس کے باعث جھٹکے نہایت شدید محسوس کیے گئے۔ کئی سیکنڈز تک زمین لرزتی رہی، برف سے ڈھکی بلند چوٹیوں میں گہری گڑگڑاہٹ سنائی دیتی رہی اور دور دور تک برفانی تودوں کے گرنے کی آوازیں گونجتی رہیں۔ چونکہ یہ علاقہ الاسکا اور کینیڈا کی سرحد کے قریب واقع ہے جہاں آبادی بہت کم ہے، اس لیے بڑے پیمانے پر تباہی یا جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں، تاہم جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ گھروں سے نکل کر کھلے مقامات پر جمع ہو گئے۔ حکام کے مطابق اب تک سونامی کی کوئی باضابطہ وارننگ جاری نہیں کی گئی، تاہم الاسکا زلزلہ سینٹر اور پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے ساحلی علاقوں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے کیونکہ معمولی یا کم سطح کی سونامی لہریں پیدا ہونے کا امکان موجود ہے۔ امدادی ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور زلزلے کے ممکنہ آفٹر شاکس کے پیش نظر شہریوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔