اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )بین الاقوامی دباؤ میں اضافے کے بعد اسرائیل نے غزہ کے لیے انسانی امداد اور تجارتی سامان کی ترسیل کے لیے اردن کے ساتھ ایلینبی بارڈر کراسنگ دوبارہ کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ سرحدی گزرگاہ 23 ستمبر سے بند تھی، جسے اب آج سے بحال کیا جا رہا ہے۔اسرائیلی سیکیورٹی حکام کے مطابق کراسنگ کی بحالی کے بعد ڈرائیورز اور کارگو ٹرکوں کی سخت جانچ پڑتال کی جائے گی، جبکہ علاقے میں خصوصی سیکیورٹی دستے بھی تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔ادھر فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری رہیں تو دوسرے مرحلے میں داخل ہونا ممکن نہیں ہوگا۔ حماس نے ثالث ممالک سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ معاہدے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق 10 اکتوبر کے جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیلی کارروائیاں مکمل طور پر نہیں رُک سکیں اور ان حملوں کے نتیجے میں اب تک 370 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں ، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی بھی شامل بتائی جا رہی ہے۔بین الاقوامی برادری کا کہنا ہے کہ غزہ میں جاری انسانی بحران اب انتہائی سنگین شکل اختیار کر چکا ہے، اور فوری، بلا رکاوٹ امداد کی فراہمی ہی لاکھوں متاثرہ افراد کو مزید تباہی سے بچا سکتی ہے۔