اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر افواج پاکستان کی قربانیوں کا مذاق اڑایا گیا یا ان کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا تو پھر پاکستان کی عزت کون کرے گا۔ اسلام آباد میں قومی علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ موقف اختیار کیا کہ افواج پاکستان کے خلاف ہونے والا پروپیگنڈا ناقابلِ برداشت ہے اور اسے برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق، وزیرِ اعظم نے کہایہ ہمارے علما کرام اور تمام پاکستانیوں کی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی افواج کا دفاع کریں، جنہوں نے ہمارے ملک کے دفاع کے لیے اپنی جانوں اور لہو کی قربانی دی اور دشمن کو ایسی شکست دی جسے وہ قیامت تک نہیں بھولے گا۔”
اس تقریب میں نائب وزیرِ اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس سٹاف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء، اعلیٰ سرکاری حکام کے علاوہ ملک بھر سے علما و مشائخ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی افواج نے بہادری اور دلیری کے ساتھ جنگ لڑی اور دشمن کو عبرت ناک شکست دی۔ انہوں نے خاص طور پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کی تعریف کی اور کہا کہ افواج پاکستان کی جرأت اور حوصلے کی بدولت دشمن کو تاریخی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
وزیرِ اعظم نے زور دیا کہ ملک کی ترقی کے لیے قوم میں یکجہتی کا قیام ضروری ہے اور فرقہ پرستی کو ختم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی بعض مکاتب فکر کے لوگ یہ کہتے ہیں کہ مسجد میں دوسرے فرقے کے لوگ ان کے پیچھے نماز نہیں پڑھ سکتے، جو کہ ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان کی فتح عظیم تھی اور اس کے لیے قوم کی دعائیں قبول ہوئیں۔ وزیرِ اعظم کے مطابق، افواج کے ہر سپاہی کی بے مثال کاوشیں اس کامیابی میں شامل ہیں، اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دشمن کے خلاف جنگ کو جرأت کے ساتھ قیادت فراہم کی۔
شہباز شریف نے ملک کی معاشی ترقی کی جانب بھی اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور سیاسی و عسکری قیادت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے تحریک پاکستان کی جدوجہد میں علما کرام کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی معاملات میں یکجہتی قائم کرنا ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔ وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ پوری دنیا پاکستان کی افواج کی قربانیوں اور معرکۂ حق میں حاصل کردہ کامیابی کی تعریف کرتی ہے اور اس بات کا اعتراف کرتی ہے کہ پاکستان نے تاریخ میں اہم اور عظیم کامیابی حاصل کی ہے۔