اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ٹیکنالوجی کی دنیا میں گوگل ایک نیا اور جدید قدم اٹھانے جا رہا ہے۔
کمپنی نے مصنوعی ذہانت سے چلنے والے جدید اے آئی گلاسز متعارف کرانے کی تیاری شروع کر دی ہے، جن کے ذریعے گوگل کا معروف اے آئی اسسٹنٹ جیمینائی صارف کے سامنے براہِ راست نظر آئے گا۔ یہ گلاسز روزمرہ زندگی میں اسسٹنٹ کو اور بھی قریب اور آسان بنا دیں گے۔گوگل کا کہنا ہے کہ وہ دو مختلف طرز کے اے آئی چشموں پر کام کر رہا ہے۔ یہ چشمے عام چشموں یا سن گلاسز کی طرح پورا دن پہننے کے قابل ہوں گے اور انہیں روزمرہ استعمال کو مدِنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔کمپنی کے سینئر نمایندے شہرام آزادی نے اپنے بلاگ میں بتایا کہ پہلی قسم کے گلاسز اسکرین فری اسسٹنس فراہم کریں گے۔ ان میں اسپیکر، مائیکروفون اور کیمرا نصب ہوگا، جس کی مدد سے صارف جیمینائی کے ساتھ گفتگو کر سکے گا، تصاویر لے سکے گا اور مختلف کاموں کے لیے فوری مدد حاصل کر سکے گا۔ یہ گلاسز ہاتھوں کے بغیر آواز اور اشاروں سے چلانے کی صلاحیت رکھیں گے۔
دوسری قسم کے چشمے ڈسپلے اے آئی گلاسز ہوں گے، جن میں لینس کے اندر ایک چھوٹا سا ڈسپلے موجود ہوگا۔ یہ ڈسپلے صارف کو نجی طور پر وہ معلومات دکھائے گا جو فوری ضرورت کے وقت درکار ہو، جیسے راستہ معلوم کرنا، زبان کا ترجمہ، یا کسی کام کے متعلق فوری ہدایات۔ یہ فیچر انہیں روایتی اسمارٹ گلاسز سے زیادہ ذاتی اور محفوظ بناتا ہے۔
گوگل ان جدید اے آئی گلاسز کی تیاری کے لیے عالمی شہرت یافتہ فیشن برانڈز ینٹل مونسٹر ور واربی پارکر کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے، تاکہ ٹیکنالوجی اور اسٹائل کا امتزاج بہترین ہو۔ رپورٹ کے مطابق پہلی قسم کے گلاسز کی لانچ آئندہ سال کے آغاز میں متوقع ہے۔یہ گلاسز موبائل فون کے بعد ٹیکنالوجی استعمال کرنے کے انداز میں بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتے ہیں۔